ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو اور گلیشائی جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری

ملک بھر میں 5 روز کے دوران ہیٹ ویو اور گلیشائی جھیلیں پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران جنوبی اور وسطی جبکہ بالائی علاقوں میں 08 سے 10 مئی کے دوران ہیٹ ویو ( گرمی کی لہر) کی صور تحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 7 سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب، محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بالائی پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہ سکتی ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین، بزرگ افراد اور بیمار شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور زیادہ پانی استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رات کے اوقات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ گرد آلود ہواؤں اور آندھی کے امکانات بھی موجود ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور ریسکیو سروسز کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی فراہمی بھی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی متحرک رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

کاشتکاروں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے جس کے باعث گلیشیائی جھیلوں سے اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں کے لیے گلیشیائی جھیل پھٹنے کے خطرے سے متعلق بھی الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیر پور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، بی ، تربت اور پنجگور میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

اسی طرح ڈیرہ غازی خان، لیہ ، بھکر ، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر ، رحیم یارخان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، ساہیوال، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک ، ڈیر ہ اسما عیل خان میں 43 سے 47ڈگری سینٹی گریڈ پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کو بات ، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ ، حافظ آباد ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نار دوال ، لاہور، اوکاڑہ، قصور میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں اس دوران گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز، سر ڈھانپ کر رکھنے، ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں