اوستہ محمد میں بی آئی ایس پی سروے کے نام پر خواتین سے رقم وصولی کا انکشاف

اوستہ محمد (رپورٹر) اوستہ محمد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جاری سروے کے نام پر مبینہ طور پر خواتین سے رقم وصول کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق اوستہ محمد میں کچھ مبینہ ایجنٹ مافیا سرگرم ہو چکے ہیں جو سروے اور رجسٹریشن کے نام پر مستحق خواتین سے ایک ہزار سے دو ہزار روپے تک وصول کر رہے ہیں۔ مقامی خواتین کا کہنا ہے کہ انہیں کہا جاتا ہے کہ رقم ادا کرنے پر ہی ان کا نام پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جبکہ کئی خواتین نے مالی مجبوری کے باوجود پیسے دینے کی شکایت کی ہے۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ عمل نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ غریب خواتین کے استحصال کے مترادف ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام حکومت پاکستان کا ایک بڑا فلاحی منصوبہ ہے جس کے تحت مستحق خاندانوں خصوصاً خواتین کو مالی امداد فراہم کی جاتی ہے پروگرام کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی بھی قسم کی رجسٹریشن یا سروے کے لیے کسی فرد یا ایجنٹ کو رقم ادا نہ کی جائے اور سرکاری معلومات صرف مخصوص ذرائع (8171) کے ذریعے ہی فراہم کی جاتی ہیں متاثرہ خواتین نے ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری کارروائی کر کے اس مبینہ فراڈ کو روکا جائے تاکہ غریب عوام مزید استحصال سے بچ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں