ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پوری قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد

کوئٹہ+ اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پوری قوم، افواجِ پاکستان اور بالخصوص چیف آف ڈیفنس فورسز وفیلڈمارشل سید عاصم منیر کو دشمن ملک بھارت کے خلاف شاندار فتح اور تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد دی۔ اپنے خصوصی پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معرکہ حق پاکستانی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جس میں افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا نہایت پیشہ وارانہ، موثر اور بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو نہ صرف پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا بلکہ عالمی سطح پر بھی اسے سبکی اور رسوائی اٹھانا پڑی۔انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے جھوٹے پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں جرت، بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کی ایسی مثال قائم کی جسے دنیا بھر میں سراہا گیا، اس معرکہ نے نہ صرف پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ پاک فوج کو ایک عظیم، منظم اور بہادر فوج کے طور پر عالمی سطح پر مزید پہچان دلائی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افواجِ پاکستان آج پوری قوم کے لئے فخر کا باعث ہیں اور دنیا بھر میں انہیں مزید عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس اعزاز کا سہرا عسکری قیادت بالخصوص سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت کو دیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے معرکہ حق کو قومی اتحاد کی ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی قوم، افواج، حکومت اور علما کرام ایک پلیٹ فارم پر متحد نظر آئے جو کہ واعتصموا بحبل اللہ جمیعا کی عملی تفسیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی چیلنج کے سامنے جھکنے والی نہیں۔سیدال خان ناصر نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری، قربانیوں اور جرت کے باعث نہ صرف ملک کا دفاع مضبوط ہوا بلکہ پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہماری افواج کو دنیا میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے مستقبل میں کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اسے ایک بار پھر منہ توڑ اور سبق آموز جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مودی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دشمن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں