کوئٹہ(این این آئی) صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے معرکہ حق کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں پاک مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے گزشتہ سال دشمن کے دانت کھٹے کرکے یہ ثابت کردیا کہ کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا انہوں نے کہا کہ معرکہ حق دراصل قومی وحدت، یکجہتی اور حب الوطنی کی ایک عظیم مثال ہے، جس نے پوری دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور دشمن کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دفاعی میدان میں اپنا پرچم سربلند رکھا اور پاک افواج و قوم نے یہ ثابت کردیا کہ بہادر قومیں اپنی سرزمین کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

