تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کی ضامن،ہر بچہ سکول کی دہلیز تک نہ پہنچنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ

اوتھل (این این آئی) ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے، جب تک ہمارا ہر بچہ اسکول کی دہلیز تک نہیں پہنچ جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پسماندگی کے اندھیروں کو صرف اور صرف علم کی روشنی سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے اور ضلعی انتظامیہ ضلع لسبیلہ میں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان بھر میں حالیہ داخلہ مہم کے دوران ضلع لسبیلہ کے پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے تاریخی اعزاز پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مسعود حلیم بلوچ کی جانب سے محکمہ تعلیم، یونیسیف، سماجی تنظیم “وانگ” اور دیگر معاون اداروں کے افسران و فیلڈ اسٹاف کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) لسبیلہ سراج کریم بلوچ، یونیسیف کے نمائندے قادر بخش، ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم (میل) حاجی نوید ہاشمی، ڈی ڈی او اوتھل محمد اطہر قریشی، ڈی ڈی او بیلہ سید حسن شاہ قریشی، وانگ کے خلیل رونجھو سمیت دیگر تعلیمی افسران، اساتذہ، فیلڈ اسٹاف اور داخلہ مہم کو کامیاب بنانے والے ہیروز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ کا پورے صوبے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا کسی معجزے سے کم نہیں، لیکن یہ کامیابی جادو سے نہیں بلکہ آپ سب کی دن رات کی انتھک محنت، بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں، لیکن جنہوں نے اس مہم کو اپنی جانفشانی سے کامیاب بنایا، وہ خصوصی ستائش کے حقدار ہیں۔ یونیسیف جیسے عالمی ادارے نے بھی لسبیلہ کی اس شاندار کامیابی کا اعتراف کیا ہے جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ اور فیلڈ اسٹاف آئندہ بھی اسی قومی جذبے اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔?تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لسبیلہ مسعود حلیم بلوچ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی سرپرستی اور بھرپور تعاون کے بغیر یہ سنگِ میل عبور کرنا ممکن نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی ضلع لسبیلہ کی اس غیر معمولی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا ہے۔ جو کہ پوری ٹیم کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی لسبیلہ کو تعلیمی میدان میں سب سے آگے رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر داخلہ مہم میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تعلیمی افسران، اساتذہ، سماجی ورکرز اور فیلڈ اسٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان میں خصوصی اعزازی شیلڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں