وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر اور نیول چیفس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن 0-8 کی شکست کو کبھی فراموش نہیں کر پائے گا۔ پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست کی گواہی دنیا نے دی اور یہ گواہی دی جاتی رہے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ معرکہ حق نے دشمن پر پاکستان کی ہیبت کا نشان ثبت کردیا، ثابت ہوا کہ ہم امن پسند ہیں مگر وقت آئے تو بنیان مرصوص بھی ہیں، معرکہ حق تاریخ عالم میں پاکستان کی عظمت کا باب بن چکا ہے۔ دنیا نے دیکھا پوری قوم متحد اور یکسو ہوکر دشمن کے سامنے بنیان مرصوص بن گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاک افواج اور پاکستانی عوام کے اتحاد نے د شمن کو سر جھکانے پر مجبور کردیا، بے باک قیادت نے معرکہ حق میں تاریخی فتح کی بنیاد رکھی۔ آج دنیا بھر میں ہر محب وطن پاکستانی معرکہ حق کی کامیابی پر خوشی منا رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ہر شہر ہر گاؤں ہر گلی کوچے میں معرکہ حق کی خوشیاں منائی جارہی ہیں۔ پوری قوم معرکہ حق کی کامیابی کا جشن منا رہی ہے۔ پاکستان کے شاہینوں نے پیشہ ورانہ حربی مہارت کے ذریعے دشمن سے اپنی برتری کا لوہا منوایا۔

