معرکہ حق نے بھارت کا جنگی غرور، جھوٹا پروپیگنڈہ، خطے میں بالادستی کے خواب کو زمین بوس کر دیا،رحمت کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما رحمت اللہ خان کاکڑ نے معرکہ حق میں ملک دشمن بھارت کے خلاف ثابت قدمی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاع وطن اور قیام امن کے لئے پوری قوم پاکستانی قوم اپنی افواج اور اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑی فوج رکھنے والے بھارت کو معرکہ حق میں منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کردیا کہ پاک فوج اپنی سرحدوں اور ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے اورکسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو معرکہ حق کے ایک سال پورے ہونے کی خوشی میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی ریلی نواں کلی، ائیر پورٹ روڈ، زرغون روڈ، انسکمب روڈ، لیاقت پارک سے ہوتی ہوئی ڈسی آفس کے سامنے پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رحمت اللہ کاکڑ اوردیگر نے کہا کہ معرکہ حق اورآپریشن بنیان المرصوص نے نہ صرف جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی سیاسی و دفاعی صورتحال میں پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی ہے بلکہ دنیا پر یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، ذمہ دار، باوقار اور امن پسند ریاست ہے جو اپنے دفاع اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی معرکہ حق نے بھارت کے جنگی غرور، جھوٹے پروپیگنڈے اور خطے میں بالادستی کے خواب کو زمین بوس کر دیا ہے بھارت ایک عرصے سے طاقت کے زور پر خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم حالیہ صورتحال نے ثابت کر دیا کہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو چکا ہے اور پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے معرکہ حق کی عظیم کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان، عسکری قیادت، سیاسی قیادت اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے مسلط کردہ جارحیت کا جس دلیری، حکمت عملی اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ جواب دیا اس نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر، باوقار اور ذمہ دار ایٹمی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت، غیر معمولی عسکری بصیرت اور بروقت فیصلوں نے دشمن کو ایسا سبق سکھایاجسے بھارت ہمیشہ یاد رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج اور سپہ سالار پر فخر ہے جنہوں نے نہ صرف وطن عزیز کا دفاع کیا بلکہ دشمن کے غرور کو بھی پاش پاش کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو یہ گمان تھا کہ وہ پاکستان پر دباؤ ڈال کر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو جائے گا مگر پاکستان کی مسلح افواج نے ثابت کیا کہ یہ قوم اپنے دفاع سے غافل نہیں اور نہ ہی اپنے دشمن کو کسی قسم کی جارحیت کی اجازت دے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے جس جرات، مہارت اور پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا وہ دنیا کی عسکری تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا دشمن کے ہوائی اڈوں، چھاؤنیوں اور اہم تنصیبات کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے جدید جنگی طیاروں کو تباہ کر کے پاکستانی شاہینوں نے پوری دنیا کو حیران کر دیا، پاکستان کے جانباز سپاہیوں نے یہ ثابت کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں