پشین (این این آئی) افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور معرکہ حق میں شاندار کامیابی کے سلسلے میں پشین میں بھی ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مرکزی انجمن تاجران پشین کے رہنماء حاجی فضل محمد کاکڑ نے کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے وطن عزیز اور افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ شرکاء کی جانب سے پاک فوج کے حق میں پْرجوش نعرے بازی بھی کی گئی۔ جس میں“پاک فوج زندہ باد”،“پاکستان زندہ باد”اور“کشمیر پاکستان کا اٹوٹ حصہ ہے”جیسے نعرے لگائے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی فضل محمد کاکڑ نے کہا کہ 9 مئی 2025ء ملکی تاریخ میں قومی وقار، جرات اور کامیابی کے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے اپنی عسکری طاقت کے زعم میں پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کی، تاہم افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں دشمن کے تمام مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے نہ صرف دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا بلکہ پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم اگر کسی نے ملکی سالمیت یا خودمختاری پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو پوری قوم متحد ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے گی۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیں تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور شہدائے وطن کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد رہے گی۔

