اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک میں صحت کی بنیادی سہولیات کی عوام تک بآسانی اور موثر فراہمی نرسز کی خدمات کے بغیر ممکن نہیں۔
نرسز کے عالمی دن 12 مئی 2026 پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نرسز کے عالمی دن پر میں دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں شعبہ طب سے منسلک مرد و خواتین نرسز کی انسانیت کی بے لوث خدمت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انٹرنیشنل کونسل آف نرسز کی جانب مختص کردہ یہ دن شعبہ طب میں باہمی عالمی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ اس سال یہ دن ’’نرسز ہمارا مستقبل۔ باختیار نرسز زندگی بچاتے ہیں‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ موضوع بلا شبہ نرسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین طبی تربیت کی ضرورت کا عکاس ہے۔ جدید تریبت سے آراستہ نرسز بروقت طبی امداد سے قیمتی جانوں کو بچا سکتی ہیں۔ انسانیت کے خدمت گاروں کی بیش قدر خدمات باعث فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے دوچار مریضوں کے لیے نرسز کی تیمارداری انسانی خدمت کے جذبہ کا عکاس ہے۔ اپنی خدمات کے عوض مراعات سے قطع نظر مشکل حالات میں بھی نرسز انسانی خدمت کے لیے صف اول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شعبہ طب کی مضبوطی کا دآرومدار بہت حد تک ڈاکٹر اور نرسز کی متناسب موجودگی میں ہوتا ہے۔ وفاقی حکومت ملک میں یہ تناسب مزید بہتر کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ اس تناظر میں تمام متعلقہ ادراوں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ حکمت عملی پر کام جاری ہے۔

