سبی(رپورٹر )سینٹ یوجین ہائی سکول سبی میں نہم اور دہم جماعت کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات اور سبی شہر میں پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار اسٹوڈنٹس کے اعزاز میں ایک پروقار تقریبِ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض تھے۔تقریب کے آغاز پر پرنسپل سینٹ یوجین ہائی سکول سسٹر ڈینسیلا جیمز نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا اور انہیں اسکول کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کرایا۔ کمشنر سبی ڈویژن نے اسکول کی مختلف کلاسز کا معائنہ کیا اور طلباء و طالبات سے نصابی سرگرمیوں اور تعلیمی امور سے متعلق سوالات کیے۔ طلباء کے اعتماد اور تعلیمی استعداد کو دیکھ کر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور اسکول کی انتظامیہ و اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔بعدازاں کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ربن کاٹ کر تقریب کا باقاعدہ افتتاح کیا تقریب میں طلباء نے کمشنر سبی ڈویژن اور پی ایس کمشنر سبی زیشان طاہر کو اجرک کا تحفہ کیا۔تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے خوبصورت ٹیبلو اور مختلف ثقافتی و تعلیمی پروگرام پیش کیے جنہیں شرکاء نے بے حد پسند کیا اور بھرپور داد دی تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ کمشنر سبی ڈویژن اور پرنسپل اسکول نے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ طلباء و طالبات کسی بھی قوم کا روشن مستقبل ہوتے ہیں اور تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنا قابلِ فخر امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی سے طلباء بڑی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیںاور حکومت بلوچستان تعلیم کے فروغ اور معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کامیاب طلباء و طالبات، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا.

