تربت (این این آئی) یونیورسٹی آف تربت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پی ایس جی۔2023 فریم ورک کے تحت اپنے انڈرگریجویٹ پروگراموں کے معیار کو مذید بہتر بنانے کے لیے پروگرام ریویو فار ایفیکٹیونیس اینڈ انہانسمنٹ (پری)کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ریویو کا یہ مرحلہ 14 مئی 2026 کو اختتام پذیر ہوا اور آخر میں فیلڈ وزٹ کا بھی اہتمام کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق تربت یونیورسٹی میں تدریسی معیار اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے لئے مختلف جائزہ کمیٹیوں نے مجموعی طور پر بارہ انڈرگریجویٹ پروگراموں کا الگ الگ جائزہ لیا۔فیلڈ وزٹ کے دوران جائزہ کمیٹیوں نے تدریسی اور انتظامی معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیلف اسسمنٹ رپورٹس، پروگرام و کورس فائلز، کوالٹی ایشورنس و مانیٹرنگ سسٹم اور لیبارٹریزولائبریریوں میں موجود سہولیات کے علاوہ دیگر تدریسی سہولیات کا بھی جائزہ لیاگیا۔ اس کے ساتھ ساتھ کمیٹیوں نے تدریسی طریقہ? کار، تعلیمی نتائج اور مجموعی تعلیمی ماحول کا جائزہ لینے کے لیے اساتذہ اور طلبہ سے براہ راست ملاقاتیں بھی کیں۔ فیلڈ وزٹ کے اختتام پر جائزہ کمیٹیوں نے اپنی مشاہدات اور سفارشات تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد کے سامنے پیش کیں۔ ان سفارشات میں طلبہ کے داخلوں، اصلاحات کے نظام کومذید بہتر بنانے، مانیٹرنگ اور رہنمائی فراہم کرنے کے نظام میں اصلاحات لانے، ریکارڈ اور دستاویزات کو محفوظ بنانے، جدید اور ابھرتے ہوئے شعبہ جات میں تعلیمی مواقع کو وسعت دینے اور لیبارٹریوں اور لائبریریوں سمیت ڈیجیٹل اور انٹرنیٹ سہولیات میں مزید بہتری لانے پر زور دیا گیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن نے جائزہ کمیٹیوں کی تعمیری تجاویز کو سراہتے ہوئے کہاکہ تربت یونیورسٹی ان سفارشات پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد نے تعلیمی سال 2025-26 کے دوران اس ریویو مرحلے کی کامیاب تکمیل میں تعاون کرنے پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مرحلے کی کامیاب تکمیل سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ تربت یونیورسٹی نے انٹرنل کوالٹی ایشورنس کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور تعلیمی بہتری لانے کا عزم کرکھا ہے۔

