بھارت اور اسرائیل پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل تمام سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ ہوا، اجلاس کے دوران چین نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان کیلئے ریلیف کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ ترکی نے بھی چین کے موقف کی توثیق کی، جاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی چونکہ وہ ایشیا پیسفک گروپ کے شریک چیئرمین ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر حقیقت پسندی سے جائزہ لیا جائے تو پاکستان اب تک ایف اے ٹی ایف کی تمام ضروریات کو پورا کرچکا ہے، اب اس کا کسی بھی لسٹ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، تاہم پاکستان کے لئے یہ بہت بڑی فتح ہے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی تمام سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں