ہمیں آئی ایم ایف کا نہیں وفاق پاکستان کا بجٹ چاہیے،کاشف حیدری

کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئندہ مالہ سال کے بجٹ کی تیاری میں ملک کے نمائندہ تاجر تنظیموں کو فوری طور پر اعتماد میں لیں، ہمیں آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنایا گیا بجٹ نہیں بلکہ ‘وفاقِ پاکستان’ کا بجٹ چاہیے جو ملکی مفاد اور تاجر دوست پالیسیوں پر مبنی ہو، یہ بات انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکسوں کی بھرمار، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور بے پناہ اضافے نے تاجروں سمیت عام آدمی کا جینا بھی انتہائی محال کر دیا ہے، موجودہ سنگین معاشی حالات اور کمرشل ٹیرف میں یکمشت اضافے کی وجہ سے کاروباری طبقہ شدید ترین بحران کا شکار ہو چکا ہے اور اب تاجروں کے لیے دکانیں کھلی رکھنا، مارکیٹوں کو آباد رکھنا اور کاروبار چلانا بالکل ناممکن ہو چکا ہے، مٹھی بھر رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے اور معیشت کا پہیہ جام کرنے کے بجائے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور تاجر دوست معاشی پالیسیاں وضع کرے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجٹ کی حتمی منظوری سے قبل ملک بھر کی تاجر برادری کے جائز مطالبات اور تجاویز کو شاملِ بجٹ کر کے انہیں مکمل طور پر اعتماد میں لیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو تحفظ مل سکے اور ملکی معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں