حکومت بلوچستان صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے،راحیلہ درانی

کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی سے انکے دفتر میں مرکزی ناظمِ اعلیٰ صاحبزادہ پیر سکندر سلطان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کے تعلیمی نظام، سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچیوں اور بچوں کو درپیش مسائل، تعلیمی سہولیات کی بہتری اور معیارِ تعلیم کو مؤثر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر بچے کو بہتر اور معیاری تعلیم میسر آسکے۔ اس موقع پر اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی، پینے کے صاف پانی، فرنیچر، بجلی اور طلبہ و طالبات کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی جیسے مسائل بھی زیرِ بحث آئے۔مرکزی ناظمِ اعلیٰ جماعت الصالحین پاکستان صاحبزادہ پیر سکندر سلطان نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور بلوچستان کے بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل کو روشن مستقبل فراہم کیا جاسکے۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سرکاری اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں اور بچیوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں باہمی تعاون کے فروغ اور تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں