کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری نے کوئٹہ میں مسافر ٹرین پر خود کش حملے میں 14سے زائدشہریوں اور نوحصار میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں سی ٹی ڈی کے 4جوانوں کی شہادت پرپرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔یہاں اجری ہونے والے ایک بیان میں انجینئر ہادی عسکری نے کوئٹہ ریلوے ٹریک بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے بزدلانہ واقعات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، معصوم شہریوں اور قومی تنصیبات کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام اورسیکورٹی ادارے ملکرانکے مذموم عزائم کو ناکام بنادیں گے۔انہوں نے کوئٹہ کے علاقے نوحصار میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سی ڈی ٹی کے 4جوانوں کی شہادت کی بھی مذمت کی۔انہوں نے فتنہ الہندوستان کے 9دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پرسی ٹی ڈی کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف متحد اور پرعزم ہے، قومی یکجہتی اور سیاسی ہم آہنگی سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے خود کش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے اہلکاروں اورشہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

