کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 7 ارب ڈالر کے معاہدے پاکستان کی معیشت کیلئے انتہائی خوش آئند اور امید افزا پیش رفت ہیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے کامیاب دورہ چین کے دوران طے پانے والے یہ معاہدے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کا عملی مظہر ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے ان معاہدوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، صنعت، زراعت، ریلوے اور خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون سے پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی۔ چینی سرمایہ کاری سے نہ صرف صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو غربت اور بے روزگاری میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز اور مہنگائی کے ماحول میں یہ معاہدے پاکستان کیلئے امید کی نئی کرن ہیں۔ اگر ان منصوبوں پر شفافیت اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا گیا تو یہ سرمایہ کاری ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے پاک چین دوستی کو خطے کے استحکام اور ترقی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور حالیہ اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔

