اسلام آباد، مظفرآباد (اے ایس این)پاکستان کی عسکری تاریخ میں بعض نام ایسے ہوتے ہیں جو جرا ت، بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے بے مثال محبت کی علامت بن جاتے ہیں۔ انہی عظیم شخصیات میں بریگیڈیئر طارق محمود شہید المعروف“ٹی ایم ٹائیگر”کا نام بھی شامل ہے، جنہیں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ایک نہایت دلیر، نڈر اور پیشہ ور کمانڈو افسر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آج29مئی کو ان کے یومِ شہادت کے موقع پر ان کی عظیم قربانی کو 37 برس مکمل ہو چکے ہیں، مگر قوم کے دلوں میں ان کی یاد آج بھی اسی طرح زندہ ہے۔ بریگیڈیئر ٹی ایم ٹائیگر نے 29مئی1989ء کو گوجرانوالہ کے قریب ر اہوالی میں آرمی ایوی ایشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران فری فال مظاہرے میں حصہ لیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا، جب ان کے مرکزی اور ریزرو دونوں پیراشوٹ خراب ہو گئے تھے۔بریگیڈیئر طارق محمود شہید اپنی غیر معمولی فری فال پیرا ٹروپنگ مہارت، قائدانہ صلاحیتوں اور جرا ت کی وجہ سے پاک فوج میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔ ان کی بہادری اور قربانی کو آج بھی پاک فوج اور قوم بھرپور عقیدت کے ساتھ یاد کرتی ہے۔گوجرانوالہ کینٹ میں ان کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے ایک اہم یادگاری چوک بھی ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جہاں بریگیڈیئر ٹی ایم ٹائیگر شہید کی تصاویر اور یادگاری علامات نصب ہیں۔ یہ مقام آج بھی وطن سے محبت، قربانی اور عسکری عظمت کی علامت سمجھا جاتا ہے جہاں سے گزرنے والے لوگ شہید کی قربانی کو احترام اور فخر کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔شہدائے وطن میڈیا سیل پاکستان کے فاؤنڈر چیئرمین آغا سفیر حسین کاظمی نے بریگیڈیئر ٹی ایم ٹائیگر شہید کے یوم شہادت کے موقع پرآزادکشمیرکے نجی شعبہ کے ایک معروف تعلیمی ادارے کی قومی،فکری و نظریاتی سرگرمیوں کے اعتراف میں شیلڈایوارڈ بھی دیا ہے۔ اس موقع پرشہیدبرگیڈئیرطارق محمودسمیت شہدائے وطن کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شہداء قوم کا حقیقی سرمایہ اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر طارق محمود شہید جیسے عظیم سپوت نئی نسل کے لیے حوصلے، قربانی اور حب الوطنی کی روشن مثال ہیں۔آغا سفیر حسین کاظمی نے کہا کہ موجودہ دور میں دفاعی اداروں کے خلاف جاری منفی پراپیگنڈے اور فکری یلغار کا مقابلہ قومی اتحاد اور مضبوط بیانیے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اسی مقصد کے تحت شہدائے وطن میڈیا سیل پاکستان“ریئل نیشنلزم”کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔کا بلال فاؤنڈر چیئرمین شہدائے وطن میڈیا سیل نے مزید کہا کہ تنظیم کی جانب سے غازیانِ وطن اور لواحقینِ شہداء کی منظم انداز میں صف بندی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ دفاعی اداروں کے خلاف کسی بھی منفی رجحان، جھوٹے پروپیگنڈے اور انتشار انگیز مہم کے مقابلے میں مؤثر قومی کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا اور نظریہ? پاکستان، قومی سلامتی اور دفاعی اداروں کے استحکام کے لیے ہر سطح پر مثبت قومی بیانیے کو فروغ دیا جاتا رہے گا۔

