صوبہ سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں سے لاکھوں لیٹر غیر قانونی پیٹرول اور ڈیزل ضبط کرلیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں اوگرا نے غیر قانونی پیٹرولیم ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں لیٹر غیر قانونی طور پر ذخیرہ شدہ پیٹرول اور ڈیزل ضبط کر لیا۔
اوگرا کے مطابق حب کے مقام پر بڑی مقدار میں پیٹرول اور ڈیزل غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا تھا۔
اتھارٹی نے بتایا کہ لاکھوں لیٹر پیٹرول اور ڈیزل ایک آئل ڈپو میں غیر قانونی طور پر اسٹور تھا۔ کارروائی کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ نجی کمپنی کا آئل ڈپو بھی غیر قانونی طور پر کام کر رہا تھا جبکہ اس کے پاس اوگرا کا مطلوبہ لائسنس اور وزارت دفاع کا این او سی بھی موجود نہیں تھا۔
اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے آئل ڈپو کو سیل کر دیا۔ اتھارٹی کے مطابق ذخیرہ شدہ پیٹرول اور ڈیزل کو اپنی تحویل میں لے کر ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی غیر قانونی اسٹوریج اور غیر مجاز پیٹرولیم سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں ۔ متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

