خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات سامنے آگئے

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات سامنے آگئے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی جانب سے اپنی کابینہ میں توسیع کے بعد حکومتی جماعت کے اراکین اسمبلی کی ناراضی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جو بجٹ سے قبل سہیل آفریدی کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہیں تاہم انہوں نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کے رابطوں کی اطلاعات پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے اور تمام ارکان اسمبلی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور وزرا نے ناراض ارکان سے رابطے بھی کیے اور انہیں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے قبل ناراض ارکان نے مشاورت کے لیے اجلاس بلایا ہے، بجٹ سے قبل ناراض ارکان کا گروپ سامنے آنا وزیراعلی کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا اور اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی آزاد حیثیت ناراض ارکان مسلہ بنا سکتے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ناراض ارکان کو یہ بھی پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ اگر حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کا حصول مشکل ہوجائے گا، حکومتی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام ارکان وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں