بلوچستان جل رہا،سنجیدگی سے توجہ دینے کی بجائے مزید تیل چھڑکایاجارہا ہے،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ (این این آئی)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ میرے کزن کے بیٹے سراج ولد حاصل سکنہ پسنی کو لاپتہ کرنے کے بعد اس کی لاش پھینک کر مجھے بطور سیاسی کارکن واضح پیغام دیا گیا ہے ان حرکتوں سے بلوچستان جل رہا ہے لیکن اس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کے بجائے مزید تیل چھڑکایاجارہا ہے۔ظلم وجبراورخوف کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ نفرت وبے چینی میں اضافہ ہو رہاہے۔حکومت وادارے بلوچستان کوامن وترقی دینے کے بجائے زورزبردستی طاقت ڈنڈے وبارودکااستعمال کرکے حالات مزید خراب کررہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادر وپسنی میں وفودسے ملاقات وتقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بعدازاں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے عمانی گرانٹ ہسپتال پسنی کا دورہ کیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سہولیات اور مریضوں کے مسائل کا جائزہ لیاجہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات،ادویات کی فراہمی اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں جاکرمریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہسپتال کے عملے کی حاضری کا بھی مشاہدہ کیا اور طبی خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فرداً فرداً گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل، شکایات اور تجاویز سنی۔ مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے یقین دلایا کہ صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں