گلگت (این این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اہم موڑ پر کھڑا ہے،عوامی طاقت سے ہی ملک اور خطوں کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں،عوام ترقی، استحکام،عوامی خدمت کی سیاست کا انتخاب کریں یا محض وعدوں اور نعروں پر مبنی سیاست کا، اقتدار میں آ کر نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا،تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری،سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کریں گے۔پیر کوگلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں شگر میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ تین نسلوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جماعت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کا رشتہ سیاسی مفادات پر نہیں بلکہ اعتماد، قربانیوں اور عوامی خدمت پر قائم ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کو تاریخی حقوق دیے اور اس خطے میں ترقی کی بنیاد رکھی جبکہ بینظیر بھٹو نے بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے ذریعے اس خطے کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کیا اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ آج گلگت بلتستان ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے اور عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست کا انتخاب کرتے ہیں یا محض وعدوں اور نعروں پر مبنی سیاست کا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس کے پاس گلگت بلتستان کے عوامی مسائل کا واضح پروگرام اور عملی منصوبہ موجود ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت اقتدار میں آ کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرے گی سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کرے گی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں کو ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل اور سیاحتی امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر علاقے کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت عوامی حقوق اور مساوات پر یقین رکھتی ہے اور عوامی طاقت سے ہی ملک اور خطوں کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور عوام کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سات جون کو بھرپور انداز میں انتخابات میں حصہ لیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور انہیں یقین ہے کہ اس بار بھی عوام اپنے ووٹ کے ذریعے پارٹی پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔ جلسے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماں، امیدواروں کارکنوں نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے اور انتخابات میں بھرپور کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔ جلسے کے دوران شگر اور دیگر علاقوں سے آنے والے کارکنوں نے بھی اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

