حاجی محمد خان لہڑی: منشیات کے خاتمے اور شفاف ٹیکس نظام کے لیے عملی اقدامات جاری

کوئٹہ(رپورٹر)پارلیمانی صوبائی سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس بلوچستان حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، منشیات کے خاتمے اور ٹیکس نظام میں شفافیت لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس متحرک کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف اضلاع میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے شہری قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایک پرامن اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔یہ باتیں گزشتہ روز انہوں نے سول سیکریٹریٹ میں کچھی پریس کلب کے صدر رئیس فرحان جمالی٬ورکنگ جرنلسٹ میڈیا آف سبی کے صدر میراللہ داد رند بختیار آباد پریس کلب کے صدر اللہ یار ڈومکی نائب صدر لیاقت علی سے دوران ملاقات گفتگو میں کہی٬ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایکسائز میں جدید اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں اور موجودہ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں