پاکستان آکسیجن لمیٹڈ کا مائع کاربن ڈائی آکسائیڈ پلانٹ پاک عرب فرٹیلائزر کو دینے کی منظوری

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے پاک عرب فرٹیلائزرز لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان آکسیجن لمیٹڈ کے مائع کاربن ڈائی آکسائیڈ پلانٹ کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔

سی سی پی کے مطابق یہ منظوری کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت فیز ون جائزے کے بعد دی گئی۔ پاک عرب فرٹیلائزرز لمیٹڈ، جو فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، نے پاکستان آکسیجن لمیٹڈ کے مائع کاربن ڈائی آکسائیڈ پلانٹ کے حصول کے لیے کمیشن سے اجازت طلب کی تھی۔

مسابقتی جائزے کے بعد کمیشن نے اس لین دین کی منظوری دے دی۔ سی سی پی کے مطابق یہ لین دین ایک افقی انضمام کی نوعیت رکھتا ہے۔ تاہم، اس سے مارکیٹ میں مسابقتی صورتحال پر کوئی نمایاں اثر مرتب نہیں ہوگا۔

کمیشن نے قرار دیا کہ اس حصول سے نہ مارکیٹ میں داخلے کی نئی رکاوٹیں پیدا ہوں گی، نہ ہی متعلقہ فریقین کی مارکیٹ طاقت میں کوئی قابلِ ذکر اضافہ ہوگاکمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مجوزہ لین دین سے نہ تو غالب حیثیت پیدا ہوگی اور نہ ہی مسابقت میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔ لہٰذا اسے کمپٹیشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت منظوری دی گئی ہے۔

سی سی پی کا کہنا ہے کہ کمیشن بروقت انضمامی جائزوں کے ذریعے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں منصفانہ مسابقت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں