کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے معروضی حالات میں پرنٹ میڈیا,حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ جدید صحافتی رجحانات کی تشکیل، مادری زبانوں کے تحفظ اور ہمارے نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے تاہم پرنٹ میڈیا کو مختلف آن لائن پلیٹ فارمز اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کی آمد سے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ جدید ڈیجیٹل دنیا میں ایک مضبوط اور باخبر آواز رکھنے کیلئے پرنٹ میڈیا کو مسلسل جدید اور اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہ سائنٹفک سوچ و اپروچ کے تحت معاشرے کو فکری رہنمائی فراہم کرتا رہے۔ گورنر مندوخیل نے پرنٹ میڈیا کو درپیش مشکلات کے پائیدار حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بلوچستان پرنٹ میڈیا سید انور شاہ کی قیادت میں پرِنٹ میڈیا ایڈیٹرز پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں ڈیلی اخبارات اور خاص طور پر جرائد محض خبر رسانی کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ ہماری قومی تاریخ، زبان و ادب کے محافظ بھی ہیں۔ جب وقت بدلتا ہے تو وقت کے تقاضے بھی بدل جاتے ہیں اور ہر نیا سسٹم اپنے ساتھ نئی اقدار بھی لاتا ہے جن کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ صحافت تو باقاعدہ ایک انڈسٹری ہے اور یہاں بھی اس سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہیں۔ آج بھی ہمارے پرنٹ میڈیا کے متعدد تجربہ کار صحافی پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ بحیثیت گورنر بلوچستان میں دونوں پرنٹ اور الیکٹرانک سے وابستہ صحافی حضرات کی گرانقدر خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور موجودہ حکومت صحافیوں کے حقوق و تحفظ اور آزادی اظہار کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ وفد نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کو اپنے درپیش مسائل، میڈیا پالیسی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جن گورنر مندوخیل نے غور اور توجہ سے سنا اور ان کے حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

