کراچی (این این آئی) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی کنٹریکٹر کمپنی ایسسز (ڈی بلوچ)کے زیرِ استعمال فیول پمپ کو کے ایم سی ورکشاپ، نشتر روڈ سے منتقل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ شہریوں، کے ایم سی اور ٹی ایم سیز کے ملازمین نے شکایت کی ہے کہ فیول حاصل کرنے کے لیے آنے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں روزانہ نشتر روڈ اور ورکشاپ کے داخلی راستوں پر شدید ٹریفک جام کا سبب بنتی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث سائلین اور مختلف محکموں کے ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیول اسٹیشن کے لیے علیحدہ جگہ مختص کی جائے جبکہ کنٹریکٹر کمپنی پر کے ایم سی ورکشاپ کے یارڈز اور دفاتر استعمال کرنے کے باوجود کرایہ ادا نہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

