جمعیت علماء اسلام مدارس دینیہ کے تحفظ، عوامی حقوق کے حصول،بلوچستان کے جائز مطالبات کی جدوجہد پر جاری رکھے گی،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام صوبہ بلوچستان کے صوبائی امیر، مولانا عبدالواسع نے پشین میں منعقدہ تاریخی تحفظِ مدارس و حقوقِ بلوچستان کانفرنس کے شاندار، کامیاب اور پْرامن انعقاد پر جمعیت علماء اسلام کی تمام صوبائی، ضلعی، تحصیل اور بنیادی جماعتوں کی قیادت، کارکنان، معاون اداروں اور عوام الناس کا دلی شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس بلوچستان کی تاریخ کے عظیم ترین عوامی اجتماعات میں سے ایک ثابت ہوئی، جس میں عوام نے جوق در جوق شرکت کرکے مدارسِ دینیہ کے تحفظ، آئینی حقوق اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جمعیت علماء اسلام کے مؤقف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔مولانا عبدالواسع نے صوبائی قیادت، تمام اضلاع و تحصیلوں کے امراء و ذمہ داران، دیگر صوبوں سے تشریف لانے والے معزز مہمانانِ گرامی، شعبہ نشر و اشاعت، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، مرکزی، صوبائی، ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسل سطح کے ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹرز، جمعیت طلباء اسلام کے نوجوان کارکنان اور کانفرنس کی کامیابی کے لیے شب و روز محنت کرنے والے تمام رفقاء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے بالخصوص انصارِ اسلام کے ان جانباز ساتھیوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے قائدین اور شرکائے کانفرنس کی حفاظت، نظم و ضبط اور انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے سر ہتھیلی پر رکھ کر خدمات سرانجام دیں اور اپنی ذمہ داریوں کو مثالی انداز میں نبھایا۔صوبائی امیر نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف سی، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مثبت کردار کی بدولت لاکھوں افراد پر مشتمل یہ عظیم اجتماع انتہائی خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ تحفظِ مدارس و حقوقِ بلوچستان کانفرنس کی غیر معمولی کامیابی نے حلیف و حریف سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا۔ عوام کا ایسا ٹھاٹھیں مارتا سمندر امڈ آیا کہ وسیع میدان بھی تنگ پڑ گیا، مگر جمعیت علماء اسلام کے کارکنان نے اپنے نظم و ضبط، سیاسی شعور اور تنظیمی تربیت کا ایسا مثالی ثبوت دیا کہ نہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، نہ کسی کی املاک کو نقصان پہنچا، نہ ایک گملہ ٹوٹا اور نہ ایک پودا اکھڑا۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ قائدِ جمعیت کی مدلل، بصیرت افروز اور جرات مندانہ تقریر نے نہ صرف لاکھوں شرکاء کے حوصلوں کو جِلا بخشی بلکہ حکومتی ایوانوں میں بھی ہلچل مچا دی اور اقتدار کے ایوانوں تک عوام کی حقیقی آواز پہنچا دی۔انہوں نے کہا کہ پشین کا تاریخی اجتماع اس امر کا واضح اعلان ہے کہ جمعیت علماء اسلام عوام کی سب سے بڑی، منظم اور پرامن سیاسی و دینی قوت ہے۔ کارکنان اور عوام نے جس جوش، جذبے، اتحاد، قربانی اور وابستگی کا مظاہرہ کیا، وہ تنظیمی تاریخ کا ایک سنہری باب بن چکا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمعیت علماء اسلام مدارسِ دینیہ کے تحفظ، عوامی حقوق کے حصول اور بلوچستان کے جائز مطالبات کی جدوجہد ہر محاذ پر جاری رکھے گی، اور کارکنان اسی ولولے، اسی استقامت اور اسی جذبہ وفا کے ساتھ قائدِ جمعیت کے اگلے لائحہ عمل اور حکم کے منتظر رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں