کراچی (رپورٹر) اینٹی اسٹریٹ کرائم فورم کراچی کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ نے قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والے نیٹ ورک کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا،ضلع کورنگی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) کی قیمتی انڈر گراؤنڈ کیبلز کی منظم چوری پر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ضلع کورنگی نے فوری اور سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ضلع کورنگی کو باضابطہ تحریر ارسال کر دی ہے، جس میں ملزمان کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کی یقین دہانی کروائی گئی ہے،
تفصیلات کے مطابق اینٹی اسٹریٹ کرائم فورم کراچی کے چیئرمین سید عثمان الحسن نے ڈی سی کورنگی کو ایک اہم درخواست جمع کروائی تھی، جس میں ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں رات کی تاریکی میں پی ٹی سی ایل کی زیرِ زمین کیبلز کاٹنے اور چرانے والے گروہ کی مجرمانہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا تھا
سید عثمان الحسن کا مؤقف:
“یہ صرف تاروں کی چوری نہیں بلکہ قومی انفراسٹرکچر پر حملہ ہے، چوری کے وقت سڑکوں کو جگہ جگہ سے توڑ دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں بلکہ ان کھنڈرات نما سڑکوں پر اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی اچانک ہولناک اضافہ ہو گیا ہے،اس چوری سے سرکار کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، اور یہ وہ پیسہ ہے جو عوام اپنے خون پسینے کی کمائی سے ٹیکس کی صورت میں حکومت کو دیتے ہیں
ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی نے فورم کی درخواست کو انتہائی سنجیدہ لیتے ہوئے فوری ایکشن لیا اور ایس ایس پی کورنگی کو خط لکھ کر ہدایت کی ہے کہ کیبل چوری میں ملوث عناصر، ان کے سرپرستوں اور چوری کا مال خریدنے والے کباڑیوں کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے،ڈی سی آفس کی جانب سے فورم کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ عوامی ٹیکسوں سے بننے والی سرکاری املاک کا تحفظ اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی اور پولیس کے تعاون سے اس گروہ کا جلد خاتمہ کیا جائے گا۔

