صوبہ سندھ کو اس کے حصے کا پانی فوری فراہم کیا جائے اسامہ جعفری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کے اطلاعات سیکریٹری اسامہ جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ کو اپنے حصے کے مطابق پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال انتہائی تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو کراچی کے شہری بنیادی ضرورت یعنی پانی کی ایک ایک بوند کے لیے ترس جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں شہری پہلے ہی پانی کی قلت کے باعث سخت مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں عوام کو مہنگے داموں پانی خرید کر اپنی ضروریات پوری کرنا پڑ رہی ہیں، جو کہ ایک افسوسناک صورتحال ہے۔
اسامہ جعفری نے کہا کہ بدقسمتی سے عوامی مسائل کے حل کی جانب سنجیدہ توجہ نہیں دی جا رہی اور حکمران طبقہ عوامی ریلیف کے بجائے دیگر ترجیحات میں مصروف نظر آتا ہے، جس کی وجہ سے عام شہری مسلسل پریشانیوں کا شکار ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے اور سندھ کے حصے کے مطابق فوری طور پر پانی فراہم کیا جائے تاکہ زرعی شعبہ اور شہری زندگی دونوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ :::

اپنا تبصرہ بھیجیں