کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سندھ سرکل کراچی کے صدر رانا عزیز الحسن نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کا بنیادی نظریہ ”کشمیر بنے گا پاکستان“ ہے اور کشمیری عوام آج بھی اس عزم پر ثابت قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ ایمان، تاریخ، ثقافت اور بے شمار قربانیوں سے جڑا ہوا ہے، جسے کسی صورت کمزور نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان ہمیشہ اپنے وطن، نظریے اور قومی تشخص کے دفاع کے لیے صفِ اول میں رہے ہیں۔ حالیہ قومی معرکوں اور آزمائشوں میں بھی کشمیری نوجوانوں نے بھرپور جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فوج کے شانہ بشانہ قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عزم و حوصلے کی روشن مثال قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور پاک فوج کا مقصد ایک ہی ہے، یعنی پاکستان کی سلامتی، استحکام اور کشمیر کی آزادی۔رانا عزیز الحسن نے حالیہ احتجاجی واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج کا تصادم میں تبدیل ہو جانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ امن کی وادی میں خون بہنے کے واقعات نے پوری قوم کو رنجیدہ اور سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ احتجاج آخر کن عوامل اور محرکات کے باعث پرتشدد صورت اختیار کر گیا۔ اس صورتحال کا غیرجانبدارانہ جائزہ لینا تمام متعلقہ حلقوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والے کشمیری نوجوان کن وجوہات کی بنا پر اس راستے پر چلنے پر مجبور ہوئے، اس پر سنجیدگی سے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ان مسائل اور عوامل کو نظرانداز کیا گیا تو مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا بنیادی ایجنڈا پسِ پشت چلا جائے گا، جو کسی طور بھی کشمیری قوم اور پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مکالمہ، تحمل اور دانشمندی ہی مسائل کا حل ہیں، جبکہ تصادم اور تشدد کسی مسئلے کا مستقل حل فراہم نہیں کر سکتے۔جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبروں کی سرو کی قیمت ایک ایک کروڑ رکھنا ایک ایسا فیصلہ ہے جس کی وجہ سے کشمیری قوم ک دلوں کی نفرت پیدا کرنے کی وجہ بنے گا ہم سیاسی لیڈروں سے مطالبہ کرتے ہیں ایسے اقدامات ہرگز نہ کیئے جائیں یہ فیصلہ آگ پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے صدر مسلم کانفرنس سندھ سرکل کراچی نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع، قومی سلامتی اور استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان پاکستان کی مضبوطی، قومی وحدت اور آزادی کشمیر کی جدوجہد کا اہم سرمایہ ہیں اور ان کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی طویل جدوجہدِ آزادی ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اپنے نظریاتی مؤقف ”کشمیر بنے گا پاکستان“ پر ثابت قدم ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گی۔رانا عزیز الحسن نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت حاصل ہوگا اور کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی امنگوں اور خواہشات کے مطابق کر سکیں گے۔

