ہم کشمیر کا مسئلہ کمزور نہیں ہونے دیں گے، وزیردفاع

وزیردفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاج اور صورت حال کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کشمیر کا مسئلہ کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کی بات کی لیکن سسٹم کو داؤ پر نہیں لگایا، ہم عدالتوں سمیت مختلف فورمز استعمال کرتے رہے، نواز شریف کے خاندان کے غیرسیاسی لوگ بھی جیل میں گئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کسی ملکی مسئلے یا قانون سازی میں حصہ نہیں لیا، انہوں نے پارلیمنٹ کے احترام کو مجروح کرنے کی کوشش کی، یہ صرف ایک شخص کے لیے سب کچھ کرتے رہے، پی ٹی آئی کے کچھ دوست بھی یہ سب کچھ نہیں چاہتے، اس ادارے کو پہلے بھی کاری ضربیں لگائی جا چکی ہیں، ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک پارٹی یا فرد بھی مستثنیٰ قرار نہیں دیا جاسکتا، کوئی ایوان کی عزت و تکریم میں کمی کرے گا تو نقصان سب کا ہوگا، احتجاج کرنا چاہیں تو کریں لیکن ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنا مناسب نہیں ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سوا دو لاکھ کشمیری مہاجرین بارڈر کراس کرتے ہوئے شہید ہوئے، آپ کہتے ہیں کہ ان لوگوں سے ووٹ کا حق چھین لیا جائے، آزاد کشمیر کے لیے سارے پاکستان نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے اندر 25 کروڑ پاکستانیوں کے اسٹیکس ہیں، ایک شخص نے 11 بچیوں کی عزت بچانے کے لیے نہر میں پھینکا، اس مسئلے کو الیکشن میں لوگوں کے پاس لے جائیں تاکہ لوگ فیصلہ کرسکیں، مسئلے کو گفت و شنید کے ساتھ حل کرنا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لیں گے تو ریاست کیسے خاموش رہ سکتی ہے، آپ لوگوں کو جمہوری عمل سے کیسے نکال سکتے ہیں، پاکستانیوں نے کشمیر کے لیے جانیں دی ہیں، آزاد کشمیر کے لفظ آزاد کا تحفظ پاکستان کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کشمیر کا مسئلہ کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں