پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بعد اب پانچویں جماعت کے سالانہ امتحانات بھی پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTAA) کے تحت لینے کا اعلان کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں گریڈ 5 سالانہ اسیسمنٹ 2026-27 کے لیے رجسٹریشن شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پیکٹا کے مطابق پانچویں جماعت کے طلبہ کی رجسٹریشن آئی بی ایس سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ رجسٹریشن کا عمل 25 جون 2026 سے شروع ہوگا جبکہ آخری تاریخ 8 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
تمام سرکاری سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر طلبہ کی رجسٹریشن مکمل کی جائے۔ ہیڈ ٹیچرز کو طلبہ کا مکمل اور درست ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ طلبہ کی تاریخ پیدائش سرکاری ریکارڈ کے مطابق درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پیکٹا نے رجسٹریشن کے وقت طلبہ کی حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر اپ لوڈ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ امتحانی مراکز اور قریبی بینکوں کی معلومات فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا۔
پنجاب بھر کے ضلعی تعلیمی افسران (ڈی ای اوز) اور تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن کا عمل بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ پانچویں جماعت کی سالانہ اسیسمنٹ کے انتظامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد امتحانی نظام کو مزید منظم، شفاف اور مؤثر بنانا ہے تاکہ طلبہ کی تعلیمی استعداد کا بہتر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔

