وزیراعلیٰ بلوچستان اخبار مارکیٹ کے سالانہ فنڈز،اخبارفروشوں کیلئے فلاح و بہبود فنڈز میں اضافے کا اعلان کریں،ترجمان انجمن اخبار فروشاں کوئٹہ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) انجمن اخبار فروشاں کوئٹہ بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے انجمن اخبارفروشاں کیلئے فلاح و بہبود فنڈز کیلئے فنڈز میں اضافہ نہ ہونے اور اخبار مارکیٹ کی سالانہ مرمت و تزائین آرائش کیلئے فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث اخبارفروشوں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت انجمن اخبارفروشاں کیلئے فلاح و بہبود فنڈز میں اضافے اوراخبار مارکیٹ کی مرمت و تزئین آرائش کیلئے فوری طور پر فنڈز کے اجراء کو یقینی بنائے اوردیگر مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں اسوقت 500اخبارفروش ہیں جن کے اہل خانہ مہنگائی کے دور میں انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور مہنگائی کے باعث پانچ سو خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں اورانکے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے لیکن حکومت کی جانب سے اخبارفروشوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سابق ادوار میں اخبار مارکیٹ کیلئے وقتاً فوقتاً سالانہ گرانٹ کا اعلان کیاجاتارہا ہے لیکن اب یہ گرانٹ بند کردی گئی ہے جو اخبارفروشوں کیساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے اخبارفروشوں کے500گھرانوں کیلئے فلاح و بہبود فنڈ قائم کیا تھا اخبار فروش کثیر تعداد میں ہونے کی وجہ سے یہ رقم انتہائی قلیل ہے حکومت بلوچستان اخبافروشوں کیلئے فلاح و بہبود فنڈکو دوگنا کرے تاکہ اخبار فروشوں کی مالی مدد کی جاسکے۔ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومتیں 1974ء سے اخبار فروشوں کیلئے رہائشی اسکیموں کا اعلان کرتی آرہی ہیں لیکن عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے اس مہنگائی کے دورمیں بھی اکثر اخبار فروش کرایے کی مکانوں میں رہائش پذیر ہیں حکومت بلوچستان فوری طور پر اخبارفروشوں کیلئے ہاوسنگ اسکیم کا اعلان کرکے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ترجمان نے کہا کہ اشتہارات کی مد میں اخبارفروشوں کیلئے 10فیصد بجٹ مختص کیا جائے اور اخبار مارکیٹ کی سالانہ مرمت و تزئین وآرائش کیلئے فوری طورپر فندز مختص کئے جائیں۔ترجمان نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں بیماری کی صورت میں اخبارفروشوں اورانکے اہل خانہ کا علاج کرانا ممکن نہیں ہے حکومت اخبارفروشوں کے علاج معالجے کیلئے اخبار مارکیٹ میں ایک ڈسپنسری قائم کرے جہاں اخبارفروشوں کا علاج ہوسکے۔ترجمان نے کہا کہ انجمن اخبارفروشاں کوئٹہ بلوچستان وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی سے اپیل کرتی ہے کہ اخبار مارکیٹ کیلئے سالانہ گرانٹ کا اعلان کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں