اسلام آباد (رپورٹر) چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ چائلڈ لیبر قومی ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ ہر بچہ تعلیم کا بنیادی حق رکھتا ہے؛ قلم بچے کا پہلا حق ہے، مزدوری نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم نے سینیٹ میں اس حوالے سے قرارداد پیش کی ہیں اور بچوں سے مزدوری کی روک تھام اور مؤثر اقدامات کے لیے آواز بلند کی ہے اور ان قراردادوں پر پر موثر کارروائی بھی ہوئی ہے۔ چیئرپرسن قائمہ کمیٹی نے زور دیا کہ وہ ہر فورم پر چائلڈ لیبر کے خلاف قانون سازی اور بچوں کی تعلیم و تحفظ کے لیے آواز اٹھاتی رہیں گی۔ سینیٹ میں پیش کی گئی حالیہ قرارداد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ ملک بھر میں بچوں کے استحصال کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اور انہیں یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ ایسے معصوم ہاتھ جن کے ہاتھوں میں قلم کتاب ہونی چاہیے ان سے سخت مشقت اور مزدوری کرانا نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ اگر ان معصوم ہاتھوں میں کتاب کی جگہ بھاری اوزار دے دیئے جائیں تو یہ نہ صرف ان بچوں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کو مزدوری جیسے ناسور سے بچانا تمام معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے اور این جی اوز: متعلقہ حکومتی ادارے، سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیمیں بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایک مشترکہ اور جامع حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر افراد اور سماجی حلقوں اور غیر سرکاری تنظیموں پر بھی یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے عملی اقدامات کریں اور ان کے خاندانوں کی معاشی معاونت کے لیے اپنا حصہ ڈالیں تاکہ بچوں کو مشقت سے نکال کر اسکولوں تک لایا جا سکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہمیں اجتماعی سطح پر اس سوچ کو فروغ دینا ہوگا کہ کوئی بھی بچہ حالات کے جبر یا غربت کی وجہ سے تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ایک تعلیم یافتہ و خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی تاکہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہو۔

