اسلام آباد ( رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئرمرکزی رہنما، ترجمان صدر پاکستان آصف علی زرداری و پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب صدر میر علی حسن زہری نے مزدور بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ایک مضبوط، سنجیدہ اور اجتماعی قومی عزم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ عالمی دن کے موقع پر گزشتہ روز اپنے خصوصی بیان میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ ایسے معصوم ہاتھوں میں، جنہیں قلم تھام کر علم کی روشنی حاصل کرنی چاہیے، اگر اوزار، اینٹیں یا مشقت کا بوجھ دے دیا جائے تو یہ نہ صرف بچوں کے ساتھ زیادتی ہے بلکہ قومی ترقی کے راستے میں بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچہ تعلیم کا حق رکھتا ہے۔ قلم اس کا پہلا حق ہے مزدوری نہیں۔ ہمیں اس سوچ کو اجتماعی سطح پر فروغ دینا ہوگا کہ کوئی بھی بچہ حالات کے جبر کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔ میر علی حسن زہری نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جو بچے کسی مجبوری کے تحت محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ان کا سب سے پہلا اور بنیادی حق تعلیم ہی ہے۔ اس ضمن میں حکومت کے ساتھ ساتھ صاحبِ حیثیت افراداور سول سوسائٹی پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف ان بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے عملی اقدامات کریں بلکہ ان کے خاندانوں کے معاشی حالات بہتر بنانے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اپنائیں، تاکہ بچوں کو مشقت سے نکال کر تعلیمی اداروں تک لایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق سماجی انصاف، مواقع کی برابری اور تعلیم کا فروغ ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ بلوچستان کی پائیدار ترقی اسی وقت ممکن ہے جب یہاں کے بچوں کو تحفظ، تعلیم اور باعزت مستقبل فراہم کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر مؤثر اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ آخر میں میر علی حسن زہری نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر سطح پر بچوں کے استحصال کے خاتمے، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، تاکہ ایک مضبوط، تعلیم یافتہ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

