صوبائی حکومت عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔یہ بات انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جمعہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ایک اہم اجلاس جمعہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں عوامی مفاد، انتظامی اصلاحات، بلدیاتی نظام، قانون و انصاف، ترقیاتی منصوبوں، صحت، بین المذاہب ہم آہنگی اور گورننس سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اجلاس کے آغاز میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے شہداء اور شہری شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے انہوں نے کہا کہ کابینہ کے آج کے فیصلے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے، عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ، قانون کی حکمرانی کے استحکام اور صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے میں معاون ثابت ہوں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوری نظام کی بنیاد ہیں اور حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات مکمل شفافیت، آئینی تقاضوں اور قانونی ضوابط کے مطابق منعقد ہوں انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامی اور قانونی معاملات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو مؤثر اور فعال مقامی حکومتوں کا نظام میسر آ سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں شفافیت، احتساب، بین المذاہب ہم آہنگی، امن و امان، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور صوبے کے ہر علاقے کو ترقی کے ثمرات سے مستفید کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں