پی آئی اے ملازمین کی یونین پیپلزیونیٹی نے بھی قومی ایئرلائن کی خریداری کیلئے درخواست جمع کرادی

کراچی (این این آئی)پی آئی اے ملازمین نے بھی قومی ائیرلائن کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کر دی جبکہ ملک کے بڑے کاروباری گروپس نے بھی پی آئی اے کی خریداری کے لیے اپنی پیشکش جمع کرائی ہے۔ ذرائع پرائیویٹائزیشن کمیشن کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی سی بی اے پیپلز یونیٹی کے صدر ہدایت اللہ خان اورآفیسرزکی تنظیم پی آئی اے سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن (ساسا)کے صدرعقیل صدیقی نے مشترکہ طور پر پی آئی اے کی خریداری کیلئے اپنی درخواست اور پیشکش کمیشن میں جمع کرادی۔قومی ایئرلائن کے ملازمین کا مؤقف ہے کہ ایئرلائن کی خریداری کا پہلا حق ان کا ہے۔ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ایک بڑے گروپ نے بھی پی آئی اے کی خریداری کیلئے اپنی پیشکش نجکاری کمیشن بورڈ کو جمع کرائی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کی خریداری کیلیے بڑے کاروباری گروپ نجکاری کمیشن کو درخواست دے چکے ہیں۔پی آئی اے کی خریداری کیلئے پیش کش جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 جون ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت اس وقت قومی ائیرلائن کی فروخت کی دوسری کوشش کر رہی ہے، پی آئی اے کی فروخت کی پہلی کوشش متفرق وجوہ کی بناپرناکام ہوگئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں