عالمی امن کے لئے ایران۔امریکہ معاہدہ ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت ہے۔ میر علی حسن زہری

اسلام آباد( رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما صدرِ پاکستان کے ترجمان برائے بلوچستان اور سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ امن معاہدے اور کشیدگی کے خاتمے کو عالمی امن کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے سکون اور استحکام کا پیغام لے کر آئی ہے۔ اپنے ایک تفصیلی اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، مفاہمت اور سفارتی حکمت عملی کو ترجیح دی ہے اور ایک بار پھر پاکستان نے دنیا کو ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار، باوقار اور امن پسند ریاست ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزارتِ خارجہ کی سنجیدہ اور متوازن سفارت کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دانشمندانہ قیادت نے اس نازک صورتحال میں مثبت کردار ادا کیا۔ میر علی حسن زہری نے بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں، تدبر اور بردباری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکمت عملی اور دوراندیشی نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے جس تحمل، بصیرت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے نازک مواقع پر مضبوط اور متوازن قیادت ہی دنیا کو تباہی سے بچا سکتی ہے۔ میر علی حسن زہری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران۔ امریکہ معاہدہ میں بھرپور کاوشوں اور ثالث کے کردار کو اہم قرار دیاجس کی بدولت یہ اہم امن معاہدہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذمہ داری، تدبر اور دوراندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو ایک ممکنہ تباہ کن جنگ سے بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سنجیدہ قیادت اور بروقت فیصلے عالمی سطح پر امن کے قیام میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر نیت نیک ہو اور قیادت مخلص ہو تو بڑے سے بڑا تنازع بھی بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کا یہ مثبت اور تعمیری کردار عالمی سطح پر اس کے وقار میں اضافے کا باعث بنا ہے اور دنیا میں پاکستان کا امیج ایک امن کے داعی ملک کے طور پر مزید مستحکم ہوا ہے۔ میر علی حسن زہری نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن، اقتصادی ترقی اور عوامی خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی جس کے مثبت اثرات عالمی معیشت، خطے کے استحکام اور بین الاقوامی تعلقات پر مرتب ہوں گیاور عالمی طاقتیں آئندہ بھی تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے بجائے مکالمے کو ترجیح دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ امید کی ایک روشن کرن ہے اور توقع ظاہر کی کہ یہ معاہدہ دیرپا اور مؤثر ثابت ہوگا، میر علی حسن زہری نے کہا کہ دنیا کو اس وقت ایسے ہی اقدامات کی ضرورت ہے جو کشیدگی کے بجائے تعاون اور ترقی کو فروغ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں