ایران امریکہ کے درمیان امن معاہدہ سفارتکاری،علاقائی استحکام کی بڑی فتح ہے، سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے امریکا ایران امن معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن معاہدہ سفارتکاری اورعلاقائی استحکام کی ایک بڑی فتح ہے، کشید گی کے پرامن حل کے لئے مسلسل جدوجہد پر پاکستان کو بھرپور کریڈٹ ملنا چاہئے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے قومی قیادت اور سفارتی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا متوازن اور ذمہ دارانہ کردار عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، مذاکرات ہی دیرپا امن کا واحد راستہ ہیں اور تنازعات کے حل کے لیے جنگ نہیں بلکہ بات چیت، مفاہمت اور باہمی احترام پر مبنی سفارتی عمل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی پوری دنیا کے لیے مثبت پیغام ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی امید مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے امن معاہدے میں کردار ادا کرنے والی تمام قیادت اور سفارتی ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات اور پرامن حل کی حمایت کی ہے اور حالیہ پیش رفت اسی سوچ کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکاایران معاہدے کے لیے مثبت سفارتی کردار ادا کیاجس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیراور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انکا بھر پور ساتھ دیاجسے عالمی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہر مثبت قدم قابلِ ستائش ہے اور عالمی برادری کو مشترکہ چیلنجز کے حل کے لیے سفارتکاری اور باہمی تعاون کے راستے پر چلنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں