چاغی،مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار

نوکنڈی(این این آئی)ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جہاں سورج طلوع ہوتے ہی درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ شروع ہو جاتا ہے اور رات گئے تک گرمی کی شدت برقرار رہتی ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق ضلع کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ رہا ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں روزانہ صرف 14 گھنٹے بجلی کی فراہمی جبکہ 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جو شدید گرمی کے موسم میں عوام کے لیے ناقابل برداشت بنتی جا رہی ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث گھروں میں رہنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی حکومت، کیسکو حکام اور متعلقہ نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع چاغی میں جاری شدید گرمی کے پیش نظر بجلی کی فراہمی بڑھا کر کم از کم 20 گھنٹے کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں۔شہریوں نے منتخب عوامی نمائندوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں اور ضلع چاغی کے عوام کو شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کے دوہرے عذاب سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنایا جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں