عزاداری شہ رگ،کوئی رکاوٹ یا رخنہ اندازی ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا،طارق احمد جعفری

کوئٹہ(این این آئی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان و لسان تحریک طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دورن امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں،کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ماتمی جلوس ہائے عزا 21مئی 1985کے موسوی جونیجو معاہدے کے تحت برآمد ہونگے جس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ اندازی برداشت نہیں کی جائیگی،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے محرم الحرام کیلئے 14 نکاتی ضابطہ عزاداری کا اعلان کر دیاجس پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگایہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں طارق احمد جعفری نے کہا کہ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حسین مقدسی نے 14نکاتی ضابطہ عزاداری کا اعلان کردیا ہے جس پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان امن وا مان برقراررکھنے کیلئے ہمیشہ کی طرح پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہرممکن تعاون کریگی انہو ں نے کہا کہ حکومت موسوی جونیجو معاہدے میں ریاست کے ساتھ طے پانے والے فارمولے کے مطابق جلوسہائے عزا کی عزت و حرمت کے ساتھ برآمدگی کو یقینی بنائے، عزاداران و بانیان کے مسائل کے حل اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے حکومت وفاقی وزارت داخلہ، چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں ضلعی سطح تک محرم کنٹرول رومز تشکیل دے اور انہیں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے مرکزی و علاقائی کنٹرول رومز سے مربوط بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہمارا بنیادی و آئینی حق ہے جس میں کوئی رخنہ اندازی قبول نہیں کی جائے گی، محرم الحرام کو ہوا بنا کر پیش کرنے کی روش ترک کی جائے اور سیکیورٹی کے نام پر عزاداری ِحسین کے پروگراموں کو محدود و مسدود کرنے اور بانیان مجالس و جلوس کو ہراساں کرنے سے اجتناب کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت انسداد دہشتگردی اور امن و امان کے قیام کے لیے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر بلا رو رعایت عملدرآمد یقینی بنائے شرپسند اور دہشتگرد کا کوئی مذہب و مسلک نہیں ہوتا لہٰذا کالعدم جماعتیں پرانے یا نئے جس نام سے بھی ملقب ہوں یا جس لبادے میں بھی ملبوس ہوں انکی سرگرمیوں پر عملی اور ٹھوس پابندی عائد کی جائے اور ان کے رہنماوں کو شیڈول فورمیں ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ ہے جس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ اندازی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی حکومت عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور محرم الحرام کے دوران جلوسوں اورمجالس عزا کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں