امریکہ،ایران معاہدے پر فیلڈ مارشل کی غیر معمولی، مدبرانہ،دور اندیش قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،سردار محمد صالح بھوتانی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سردار محمدصالح بھوتانی نے امریکہ اور ایران کے مابین حالیہ تاریخی سفارتی معاہدے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی غیر معمولی، مدبرانہ اور دور اندیش قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی حکمت، تدبر اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری نے پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر منوایا اور ثابت کیا کہ پاکستان امن کا داعی، استحکام کا ضامن اور عالمی برادری کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے ان کی انتھک سفارتی کاوشیں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی بالغ نظری، سیاسی بصیرت اور جرات مندانہ قیادت کو بھی سلام پیش کرتا ہوں ان کی قیادت میں حکومتِ پاکستان نے انتہائی پیچیدہ عالمی حالات میں نہایت وقار اور تدبر سے پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ کیا اور عالمی امن کے لیے راہ ہموار کی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی دفترِ خارجہ، عسکری قیادت، اور تمام ریاستی اداروں کی اجتماعی کاوش، ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ مہارت کی معترف ہے یہ کامیابی اس امر کی غماز ہے کہ جب سول و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہو اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے تو پاکستان ہر محاذ پر سرخرو ہوتا ہے۔انہون نے کہا کہ ہم اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ وہ پاکستان کو رہتی دنیا تک قائم و دائم رکھے، اسے دشمنوں کی چالوں سے محفوظ رکھے اور ہماری سیاسی و عسکری قیادت کو مزید کامیابیوں سے نوازے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں