قائد جمعیت کی تجاویز ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے،قومی استحکام کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں،مولاناعبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ قائد جمعیت نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے نہایت جرات مندانہ، مدلل اور بصیرت افروز خطاب کیا۔ انہوں نے ملکی و بین الاقوامی صورتحال، عوام کو درپیش معاشی مشکلات، داخلی و خارجی چیلنجز، گورننس کے مسائل اور قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر حکمرانوں کی توجہ مؤثر انداز میں مبذول کرائی۔انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت نے اپنی سیاسی بصیرت، وسیع تجربے اور قومی مفاد کے تناظر میں جو تجاویز پیش کیں وہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے اور قومی استحکام کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خارجہ و داخلہ پالیسی کے حوالے سے پیش کی گئی سفارشات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ان پر سنجیدگی سے عملدرآمد کیے بغیر ملک کو درپیش پیچیدہ مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات قومی یکجہتی، سیاسی رواداری اور وسیع تر قومی مفاہمت کے متقاضی ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی تعصب اور تنگ نظری سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں قائد جمعیت کی تجاویز کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیں اور ان پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں