سرکاری جامعات میں اے آئی کورس لازمی، 3 کریڈٹ آور نافذ کرنے کا فیصلہ

اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے سرکاری جامعات میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مشتمل 3 کریڈٹ آور کا لازمی کورس متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

فیصلے کے تحت تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ “انٹروڈکشن ٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس” کے عنوان سے کورس کو متعلقہ ڈگری پروگرامز کے نصاب میں شامل کیا جائے۔

یہ اقدام ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی ایڈوائزری کی روشنی میں کیا گیا، جبکہ جامعات کے وائس چانسلرز کے مشاورتی اجلاس میں بھی اس کی منظوری دی گئی۔

اس حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور نے اے آئی کورس کے لیے تین مجوزہ ماڈیولز تیار کیے، جن کی کورس آؤٹ لائنز کو ہائر ایجوکیشن کے 45ویں اجلاس میں منظور کیا گیا۔

حکام کے مطابق اے آئی کورس کو مرحلہ وار تمام متعلقہ ڈگری پروگرامز میں نافذ کیا جائے گا اور جامعات کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسے ایچ ای سی پالیسی کے مطابق فوری طور پر نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

مزید برآں پنجاب> کی تمام سرکاری جامعات کو اے آئی تعلیم کے فروغ کے لیے باضابطہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ کورس آؤٹ لائنز تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں تک پہنچا دی گئی ہیں۔

اعلیٰ تعلیمی پالیسی میں مصنوعی ذہانت کو مرکزی اہمیت دینے کے اس اقدام کا مقصد طلبہ کو مستقبل کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے ہم آہنگ کرنا بتایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں