فیصل آباد محکمہ تعلیم میں 11 لاکھ سے زائد مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف، کارروائی کی سفارش

فیصل آباد کے محکمہ تعلیم میں ایک ملین روپے سے زائد مالیت کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، جس کی اعلیٰ سطحی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈپٹی ڈی ای او سٹی محمد شکیل پر سرکاری فنڈز میں خردبرد، جعلی ریکارڈ سازی اور خریداری میں بے ضابطگیوں کے الزامات ابتدائی طور پر درست قرار دیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 مئی 2026 کو ڈائریکٹر پنجاب (انکوائری افسر) نے مکمل رپورٹ سفارشات کے ساتھ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب کو ارسال کی، جس میں متعلقہ افسر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے اور پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

انکوائری میں مجموعی طور پر 11 لاکھ 65 ہزار 373 روپے کی ریکوری کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کنٹیجنسی گرانٹ، پٹرول مد اور باؤنڈری وال مرمت کے فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ متعدد بل ایک ہی وینڈر کے نام پر تقسیم کر کے جاری کیے گئے جبکہ بعض اشیا اور تعمیراتی کام سرے سے انجام ہی نہیں دیے گئے۔ انکوائری افسر نے ملوث وینڈرز کے خلاف بلیک لسٹنگ کی سفارش بھی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ جمع ہونے کے تین ہفتے گزرنے کے باوجود تاحال کوئی عملی کارروائی سامنے نہیں آ سکی، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں