حب ( رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما،ترجمان صدر آصف علی زرداری برائے بلوچستان اورسینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پاکستان رینجرز کے ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ بزدل دشمنوں کی کارروائی ہے جس کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کا مقصدملک میں افراتفری پھیلانا ہے جسے پاکستانی قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ناکام بنائیں گے۔ اپنے بیان میں رینجرز ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردی کے واقعہ کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر رینجرز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رینجرزکے جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت اور موثر کارروائی کے ذریعے بھارت اور افغانستان حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ایک بڑے سانحہ کو رونما ہونے سے بچایا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی دے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ دہشتگردوں کا آخری حد تک پیچھا کیا جائے گا اور انہیں جہنم واصل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردوں کی بزدلی کا ثبوت ہے اور یہ کارروائیاں پاکستان کے امن اور استحکام کو کبھی نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جنہیں پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات کا مقصد سیاسی و معاشی استحکام کی جانب پاکستان کو کمزور کرنا اور عدم استحکام کی جانب دھکیلنا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ عزم و ہمت سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے اور جلد ان بزدل دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔ انہوں اپنے بیان میں کہا کہ بزدل دشمن اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے پختہ عزم کو ڈگمگا نہیں سکتے۔ شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قوم کا عزم کم نہیں ہوگا۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز وطن کی حفاظت میں دن رات چوکنا اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور کسی بھی ایسی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد عناصر جان لیں کہ ان کا سامنا ایک بہادر قوم سے ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست سے دوچار کیا ہے اور آئندہ بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشتگردوں کے خاتمے تک اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے اور اس مقصد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصرکی پاکستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائیگا۔

