اسلام آباد (رپورٹر) چیئرپرسن سینٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پاکستان رینجرز کے ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک ہنگامی بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی ایک ناپاک کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے، لیکن دشمن یہ بھول گیا ہے کہ غیور پاکستانی قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد کھڑی ہے اور ایسی ہر سازش کو ناکام بنا کر رہے گی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے رینجرز ہیڈکوارٹرز پر حملے کو انتہائی دلیری سے ناکام بنانے پر رینجرز کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے غازیوں نے اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فوری کارروائی کے ذریعے بھارت اور افغان پشت پناہی حاصل کرنے والے سفاک دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور شہر کو ایک بہت بڑی تباہی سے بچا لیا۔ سینیٹر نے واقعے میں شہید ہونے والے جوانوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیاں تاریخ کا وہ سنہرا باب ہیں جسے قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ پوری پاکستانی قوم جانتی ہے کہ دشمنوں کے ان بزدلانہ حملوں کا مقصد پاکستان کو معاشی اور سیاسی طور پر کمزور کرنا ہے مگر ہم وطنِ عزیز کو کسی صورت عدم استحکام کی دلدل میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان دہشت گردوں کو بہت جلد ان کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا، شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس عزم کو دہرایا کہ آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک ہماری فورسز اور عوام کا حوصلہ کم نہیں ہوگا۔ پاک فوج اور دیگر ادارے دن رات ملکی سرحدوں اور داخلی امن کی حفاظت کے لیے الرٹ ہیں اور دشمن کے کسی بھی وار کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ دہشت گرد عناصر یہ حقیقت ذہن نشین کر لیں کہ ان کا مقابلہ ایک ایسی زندہ قوم سے ہے جو پہلے بھی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک چکی ہے اور آئندہ بھی ملک دشمن عناصر کی پاکستان کے امن و ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی ہر کوشش کو ملیا میٹ کر دے گی۔

