پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے،میر عبید اللہ گورگیج

کوئٹہ(این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی-44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید اللہ گورگیج نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی متحرک قیادت میں صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی متوازن ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت نتائج صوبے بھر میں نمایاں طور پر سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور حکومت کی توجہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور دیگر عوامی منصوبوں کی تکمیل پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل صرف دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ زمینی حقیقت کے طور پر ہر علاقے میں نظر آ رہا ہے۔ میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ حلقہ پی بی-44 میں تقریباً چالیس سال بعد بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہوا ہے، جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا، بنیادی سہولیات میسر آئیں گی اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلقہ پی بی-44 کو بلوچستان کا ایک مثالی اور ماڈل حلقہ بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنا ان کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ بلا امتیاز عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور پارٹی قیادت کے وڑن کے مطابق بلوچستان کے ہر علاقے میں ترقی، خوشحالی، امن اور پائیدار استحکام کے لیے اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی عوامی امنگوں اور پیپلز پارٹی کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں