اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی بعدازاں وہ ایران سے ترکیہ پہنچ گئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ آمد پر ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی، پاکستانی سفیرعمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلی سفارتی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔
اس پُرملال موقع پر وزیراعظم نے اسلام کے لیے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈر، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جنازے میں شرکت کی۔
وزیراعظم کی استنبول آمد
نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم جو آج ہی تہران پہنچے تھے وہ اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے لیے استنبول پہنچ گئے۔
استنبول کے اتاترک ایئر پورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکیہ کے وزارت خارجہ اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر استنبول پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما پاک ترکیہ دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
ملاقات میں خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں رہنما علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف استنبول میں قیام کے دوران، پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی، بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، توانائی، آئی ٹی اور نجکاری سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر معزز شخصیات شرکت کریں گی۔
فیلڈ مارشل کی تہران آمد
قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کے نمازہ جنازہ میں شرکت کے لیے تہران پہنچے۔ ایران کے وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور اعلیٰ سول ملٹری حکام نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
قبل ازیں، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں پاکستانی وفد تہران پہنچا۔ وفد میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی تہران پہنچے جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی سات روزہ آخری رسومات کا آغاز ہو چکا ہے، جن میں دنیا بھر سے 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ تقریبات کا اختتام 9 جولائی کو مشہد میں تدفین کے ساتھ ہوگا۔

