بزدل ہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

اسلام آباد ( رپورٹڑ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ضلع زیارت کے علاقے مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور غصے کا اظہار کیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے سیکیورٹی اداروں کے افسران اور جوان بے مثال جرات، پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور جذبہ ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر روز اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں۔ ان کی قربانیاں پاکستان کے روشن، محفوظ اور پرامن مستقبل کی ضمانت ہیں، جن پر پوری قوم کو بجا طور پر فخر ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت، امن، ترقی اور قومی یکجہتی کی دشمن ہے۔ ایسے بزدلانہ حملے نہ تو ریاست کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں اور نہ ہی قوم کے حوصلوں کو کمزور کر سکتے ہیں۔ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج، پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہو کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کے امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار، پاک افواج، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر جوان پوری قوم کا فخر اور قومی سلامتی کے حقیقی محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پیش کی جانے والی یہ عظیم قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ضرور کامیاب ہو گااور دہشت گردی جیسے ناسور کے مکمل خاتمے، امن و امان کے فروغ، قومی یکجہتی کے استحکام اور پاکستان کے محفوظ و خوشحال مستقبل کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج اور تمام سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ملک دشمن قوتوں کے ہر ناپاک منصوبے کو اجتماعی اتحاد، قومی عزم اور یکجہتی کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان عظیم سپوتوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں