حب( رپورٹڑ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے ضلع زیارت کے علاقے مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے مذمتی و تعزیتی بیان میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ وطنِ عزیز کے امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار اور سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان پوری قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور پوری قوم ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج، پولیس، فرنٹیئر کوراور دیگر سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہیں۔ وطن کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے تحفظ کے لیے ان کی بے مثال جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت فرض شناسی اور لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور سرمایہ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کے جوان ہر روز اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گرد عناصر کے خلاف نبرد آزما ہیں اور اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک دشمن قوتوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت، امن اور قومی وحدت کی دشمن ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں۔ دہشت گرد عناصر اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس سلسلے میں اپنا ایک واضح موقف رکھتی ہے اور ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پاک افواج اور تمام ملکی سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے، امن و استحکام کے فروغ اور پاکستان کے روشن و محفوظ مستقبل کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ میں میر علی حسن زہری نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

